ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اونتی پورہ تصادم کے دوران عام شہریوں کے قتل میں ملوث 2 مقامی ملی ٹینٹ ہلاک: آئی جی کشمیر

اونتی پورہ تصادم کے دوران عام شہریوں کے قتل میں ملوث 2 مقامی ملی ٹینٹ ہلاک: آئی جی کشمیر

Tue, 31 May 2022 13:12:25    S.O. News Service

سری نگر، 31؍ مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی  کشمیر کے راجپورہ اونتی پورہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین دوران شب چھڑنے والے تصادم میں دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے اس انکاونٹر کے متعلق بتایا کہ پولیس کو خبر ملی تھی کہ اونتی پورہ کے راجپورہ علاقے میں دو مقامی ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خبر ملتے ہی پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرہ ڈالتے ہی فائرنگ شروع ہوگئی اور اس کے بعد اندھیرا ہوگیا جس کی وجہ سے رات کو آپریشن روک دیا گیا اور تمام عام شہریوں کو نکالا گیا۔

کمار نے کہا کہ منگل کی صبح کو فائرنگ دوبارہ شروع ہوگئی اور گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد جائے تصادم کے نزدیک دو مقامی ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ انہوں نے مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت شاہد راتھر ساکن ترال اور عمر یوسف ساکن شوپیاں کے بطور کی ہے۔

آئی جی کشمیر نے بتایا کہ دونوں سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ملوث رہے ہیں جبکہ اُن کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔ موصوف آئی جی پی نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی براہ راست ملوث تھے۔ اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ شاہد احمد نے ہی شکیلہ نامی خاتون اور ایک سرکاری ملازم جاوید احمد ساکن لرگام کا قتل کیا تھا۔

دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان ومال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔


Share: